ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے کی طلب برقرار ہے۔
انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا 25 ڈالر اضافے کے بعد 5037 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے اور بدستور 5 ہزار ڈالر سے اوپر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے گئے، جہاں فی تولہ سونا 2500 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 26 ہزار 462 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2144 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 51 ہزار 356 روپے تک جا پہنچی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں فی تولہ چاندی 170 روپے مہنگی ہو کر 8574 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کا رخ کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔




















