رمضان المبارک میں بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ ، امن وامان کے قیام کیلئے قومی پیغام امن کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں چیئرمین کابینہ کمیٹی امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس میں علماء کرام نے ضابطہ اخلاق پر بھرپور عملدرآمد کی اپیل کی ہے ۔ اجلاس میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کوارڈینیٹر وزیر اعظم پاکستان و قومی پیغام امن کمیٹی حکومت پاکستان نےبھی شرکت کی ۔
اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ، سانحہ ترلائی راولپنڈی ، بلوچستان باجوڑ میں ہونے والے حملے، فتنہ خوارج اور فتنہ ہندوستان کے کارندے کر رہے ہیں ۔ ان کا نہ اسلام اور نہ ہی انسانیت سے کوئی تعلق ہے ۔ معرکہ حق کی کامیابی کےبعد ہندوستان پاکستان اور اسلام دشمن اکٹھے ہوکر پاکستان پر دہشت گردی اور حملے کررہے ہیں ۔ علماء و مشائخ، مفتیان عظام نے ملک بھر کی تاجر برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور روزہ داروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں ۔
اجلاس میں علامہ محمد حسین اکبر ، مولانا اسد عبید ، مولانا اسلم صدیقی ، حافظ مقبول احمد، علامہ توقیر عباس، مفتی محمد کریم خان، علامہ آصف میر، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا نعمان حامد ، مولانا محمد خان ، مفتی شیخ عبد اللطیف ، حافظ ندیم شمس ، ڈاکٹر مفتی کریم خان ، سید واجد علی گیلانی ، حافظ کاظم رضا، مولانا اشفاق کاظمی ،اعجاز حسین مہدی ، عامر حمدانی، مفتی گل رضا ، مولانا عمیر مدنی ، مولانا فہیم حسن ، علامہ اشفاق علی چشتی، مولانا توقیر عباس ، مولانا شفقت عباس ، ہوم سیکرٹری پنجاب ، پولیس اور سلامتی کے اداروں اور دیگر اکابرین نے شرکت کی۔





















