بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے حکومت نے میڈیکل پینل تشکیل دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پینل میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل پینل آج بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے جیل پہنچ سکتا ہے۔ معائنے کے بعد میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ندیم قریشی شفا آئی ٹرسٹ اسپتال میں ریٹینا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ہیں، جبکہ ڈاکٹر امجد کا تعلق بھی شفا آئی ٹرسٹ اسپتال سے ہے اور وہ ریٹینا سے متعلق بیماریوں کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا معائنہ خصوصی طبی ادارے میں ماہرینِ امراضِ چشم کریں گے۔
عطا تارڑ کا کہناتھا کہ اِس کی تفصیلی رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی،معاملے پر قیاس آرائیوں اور سیاسی رنگ دینے کی کوششوں سے گریز کیا جائے۔






















