وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ اسلام آباد کی جیل مکمل ہوگی تو بانی پی ٹی آئی کو وہاں منتقل کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہناتھا کہ دو ماہ میں اسلام آباد جیل مکمل ہو جائے گی، جیل کے اندر تمام طبی سہولیات موجود ہیں ، بانی پی ٹی آئی کوسزا اسلام آباد کی عدالت سےہوئی انہیں اسلام آباد جیل منتقل کیا جائےگا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس لائنز میں پاسنگ آوٹ کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی پولیس کے لئے یہ بہت اہم دن ہے، ہمارے پاس دہشتگردی سے لڑنے والی پولیس فورس موجود نہیں تھی، ہم نے تین ماہ پہلے کورس شروع کیا، 6 ماہ کا کورس دن رات کرکے 3 ماہ میں مکمل کیا، ہمارے آفیسرز کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے اہلکاروں کو ٹریننگ کی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس ٹریننگ اسکولز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، باہر کے لوگ بھی ٹریننگ کرنے یہاں آئیں گے، مجھے ان جوانوں سے بہت امید ہے یہ دل لگا کر دہشتگردوں کو ختم کریں گے، تربیت کی کامیاب تکمیل پر آئی جی اسلام آباد پولیس کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔





















