وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایف سی بلوچستان کیلئے دس ارب روپے دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کوئٹہ میں گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت صوبائی وزرا سے ملاقات کی، مریم نواز نے بلوچستان کی بھرپور معاونت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے بلوچستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ نہیں، فتنہ الخوارج ہے، پنجاب دہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت ہر قسم کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے بلوچستان کےساتھ ہے۔ بلوچستان کو جہاں اور جیسی سپورٹ درکارہوگی، ہم دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کےلوگوں کی ملک کےساتھ عقیدت کوسراہتی ہوں، وزیراعلیٰ بلوچستان موجودہ حالات میں بہت اچھاکام کررہے ہیں، بلوچستان کیلئے پنجاب کے وسائل اور خدمات حاضرہیں، بلوچستان کےعوام اورحکومت کےشانہ بشانہ ہیں۔ دعا ہے بلوچستان سے دہشتگردی کا جلد خاتمہ ہو۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایف سی کیلئے 10 ارب روپے دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایف سی بلوچستان کیلئے 10 ارب روپے دیئے، ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ایف سی بلوچستان کو سامان کی خریداری کیلئے پیسوں کی ضرورت تھی ، مریم نواز کو دس ارب روپے کی ضرورت کا معلوم ہوا تو انہوں نے سارے پیسے دے دیئے۔






















