سپریم کورٹ کے مقرر کردہ فرینڈ آف کورٹ سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔ ملاقات تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہی۔
سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے، سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے تک اس سے زیادہ کچھ کہنا مناسب نہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ تین ساڑھے تین گھنٹے ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی تک مکمل رسائی دی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے۔
اس سے قبل عمران خان کے خلاف دائر توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت دی۔
عدالت نے کہا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے تحت جو رپورٹ تھی اس وقت بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے، یہ مناسب ہےکہ بانی پی ٹی آئی کی لِونگ کنڈیشن پر رپورٹ منگوائی جائے، سلمان صفدر بطور فرینڈ آف دی کورٹ اڈیالہ جیل جائیں، سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی کی بیرک تک رسائی دی جائے تاکہ وہ تحریری جواب دیں، سلمان صفدر کل تک تحریری رپورٹ جمع کرائیں۔
سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو ہدایت کی کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں حالت زار اور انہیں دستیاب سہولیات سے متعلق تحریری رپورٹ دیں۔





















