ایف آئی اے نے گجرات اور گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 4 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے گجرات اور گوجرانوالہ سرکلز نے مختلف کارروائیوں میں 4 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 37 لاکھ 75 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔
ملزمان لوگوں کو بیرون ممالک بالخصوص سعودی عرب، کینیڈا، یونان اور اٹلی بھیجنے کا جھانسہ دیتے تھے، مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی غیر قانونی طریقے سے یورپ اور دیگر ممالک جانے کیلئے انسانی اسمگلرز کے چکر میں پھنس جاتے ہیں، یہ اسمگلرز انہیں افریقی ممالک کے راستے کشتیوں کے ذریعے یورپ بھیجتے ہیں، یہ سفر انتہائی خطرناک ہوتا ہے جس میں سالانہ سیکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔