پاکستان اور قازقستان کے مابین سیاسی، معاشی، دفاعی اور عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔
صدر قازقستان قاسم جومارت توقایووف کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دوطرفہ سیاسی، معاشی، دفاعی اور عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔ پاک قازقستان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔ قازقستان کے کسی صدر کا 23 سال بعد یہ پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے۔ ملاقات میں پاکستان قازقستان بزنس فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نجی روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔ علاقائی رابطہ کاری،ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ ٹریڈ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
پانچ سال کے دوطرفہ تجارتی روڈ میپ کے لیے ورکنگ کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی۔ وزیراعظم نے قازق صدر کے دورے کو دوطرفہ تعلقات میں تاریخی سنگ میل قرار دیا۔
تعلیم، ثقافت،سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات کے بعد 37 ایم او یو اور معاہدوں پر دستخط ہوئے، مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔






















