وزیردفاع خواجہ آصف نے بھارت اورکالعدم بی ایل اے کو ایک سکے کے دو رخ قرار دے دیا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ کل بلوچستان میں دہشتگردی کے 12 مختلف واقعات ہوئے، ایک سال کے اندربی کالعدم ایل اے کے نقصانات کو ریکورکرنے کےلئے یہ ٹارگٹ کیا گیا، ہندوستان اور کالعدم بی ایل اے ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ گزشتہ سال ہندوستان کوپھینٹی لگنے کے بعد سویلین کونشانہ بنایاجارہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گرفتار دہشتگردوں کے بیانات بھارت سے روابط کے واضح ثبوت ہیں۔ ان کے ہینڈلرز افغانستان میں ہیں، سویلین آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ امن دشمن کسی رعایت کی توقع نہ رکھیں۔ سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے انسانی حقوق کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ لاپتا افراد کا بیانیہ مکمل فراڈ ہے، ہلاک دہشت گرد مسنگ پرسنزکی فہرستوں میں نکلتے ہیں۔ یاتومسنگ پرسن دبئی میں رہتے ہیں یا دہشتگردی کرتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کلیئرنس آپریشن میں مصروف ہیں ۔ بلوچستان کےطول و عرض میں امن قائم ہوچکا۔






















