صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کو عہدے سے ہٹانے کےلیے سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست آئین کے آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت شہری غلام مرتضیٰ نے دائر کی ہے۔ صدرمملکت اور وزارت قانون کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
درخواستگزار کا مؤقف ہے کہ صدر عارف علوی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، عارف علوی نے صدر مملکت کے عہدے کی تضحیک کی، صدر ایک سیاسی جماعت کا نہیں پوری قوم کا ہوتا ہے مگر عارف علوی نے صدارتی دفتر کو تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کےلیے وقف کررکھا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ دینا صدر کا کام تھا لیکن انہوں نے تاریخ نہیں دی، صدر غیر قانونی طور پر اسمبلی کی تحلیل کے بھی مرتکب ہوئے ہیں، صدرنےآئین کے آرٹیکل 5 کے تحت آئین پر عملداری کو یقینی نہیں بنایا۔
درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عارف علوی کو بطور صدر کام کرنے سے روک کر آئین قانون کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔