چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا۔ فیلڈ مارشل کو پولیس ٹریننگ اور جدید کاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ سینئر پولیس قیادت نے اصلاحات اور پیشہ ورانہ معیار بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے پولیس اکیڈمی کے افسران سے ملاقات کی، نیشنل پولیس اکیڈمی کے کمانڈنٹ نے فیلڈ مارشل کا گرمجوشی سے استقبال کیا، پولیس دستے نے فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا، فیلڈ مارشل نے پولیس شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی۔
سینئر پولیس افسران سے خطاب چیف آف ڈیفنس نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور قربانیوں کا اعتراف کیا، فیلڈ مارشل نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس کے کردار کو سراہا، اداروں کے درمیان تعاون، عوامی اعتماد قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پولیس ملک میں امن و قانون کی پہلی دفاعی لائن ہے، مضبوط، پیشہ ور، عوام دوست پولیس فورس داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کیلئے ناگزیر ہے، قانون نافذ کرنے کا فرض ایک مقدس اعتماد ہے، مسلح افواج ہمیشہ پاکستان کے بہادر پولیس اہلکاروں کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔





















