وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ دوبارہ تعمیر کرنے جبکہ شہداء کے خاندانوں کو فوری معاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں اہم اجلاس میں صوبائی وزراء، میئر کراچی، چیف سیکریٹری، کمشنر اور تاجر نمائندے شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ کو لگنے والی آگ پر شدید دکھ ہے، گل پلازہ متاثرین کیلئے کمیٹی قائم کی ہے، کمیٹی معاوضہ اور متاثرین کی بحالی پر سفارشات دے گی، متاثرین کو فوری دکانیں دینے کا طریقہ کمیٹی بتائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جانی نقصان سے کئی خاندان شدید متاثر ہوئے، تمام متاثرین ایک رات میں بے روزگار ہوگئے، تمام متاثرین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کریں گے، گل پلازہ میں 1200 دکانیں، یعنی 1200 متاثرین ہیں، گل پلازہ کے تمام متاثرین کو بحال کیا جائے گا۔
کمشنر کراچی نے دوران بریفنگ کہا کہ گل پلازہ سے 14 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، ہلاکتیں 50 سے زائد ہونے کا خدشہ ہے، آگ بجھا دی گئی،کولنگ کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آتشزدگی کی فارنزک رپورٹ کرائی جائے گی، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی چیف سیکریٹری نوٹیفائی کریں، شہداء کے خاندانوں کو فوری معاوضہ دیا جائے گا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو مسلسل رابطے میں ہیں، پیپلز پارٹی قیادت متاثرہ تاجروں کی فوری بحالی چاہتی ہے۔
لواحقین کےلے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان
دوسری جانب پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں 15 لاشیں مل چکی ہیں، 65 افراد لاپتا ہیں،22زخمی ہوئے، آگ لگنے کی وجوہات کا تعین ابھی نہیں ہوا۔ فی کس ایک کروڑ روپے امداد دینے کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ میں 1200کے قریب دکانیں تھیں، گل پلازہ کی عمارت مخدوش ہے،شاید مکمل گرانا پڑے، کمشنر کراچی سے کہا ہے نقصانات کا تخمینہ لگائیں، لاپتا افراد کو تلاش کرنا پہلی ترجیح ہے، متاثرین کی بحالی کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے، متاثرہ دکانوں کو کسی اور جگہ منتقل کیا جائےگا۔






















