فیصل آباد میں محکمہ فوڈ کے سرکاری گوداموں سے گندم کی بڑی پیمانے پر خرد برد کا سنگین اسکینڈل سامنے آ گیا ہے، جہاں سرکاری گندم کی بوریوں میں مٹی بھر کر خرد برد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس معاملے پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے پاسکو آفس کے زونل ہیڈ طارق محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق تاندلیانوالہ کے سرکاری گودام سے خرد برد کی گئی گندم میں سے 350 بوریاں ایک پرائیویٹ گودام سے برآمد کی گئی ہیں۔ کارروائی کے دوران پرائیویٹ بروکر کے گودام سے ایک ہزار خالی باردانہ بھی برآمد ہوا ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان سرکاری گندم میں مٹی ملانے اور 12 ہزار بوریاں خرد برد کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق اس مقدمے میں پاسکو کے 4 ملازمین پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔






















