ایئرپورٹس پر بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کی آف لوڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز نے مسافروں کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے ای ایم آئی (EMI) موبائل ایپلی کیشن تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام مسافروں کو روانگی سے قبل کوائف،متعلقہ دستاویز ایپلی کیشن پر اپ لوڈ کرنا ہوں گے، ایپلی کیشن پر کوائف، دستاویز کی جانچ پڑتال کے بعد مسافرکا اسٹیٹس اپ ڈیٹ ہو جائے گا، مسافر بیرون سفر کر سکےگا یا آف لوڈ کردیا جائےگا ایپلی کیشن پر اسٹیٹس آ جائے گا، ایف آئی اے کی زیرنگرانی ایپلی کیشن کا ٹرائل جاری ہے۔
ذرائع وزارت اوورسیزپاکستانیز کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز یکم فروری سے اسلام آباد ایئرپورٹ سے ہو گا، طلبا کو تعلیمی ادارے کا ایڈمیشن لیٹر،فیس اور متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی، جاب ویزا پر جانے والوں کو جاب لیٹر،پروٹیکٹر سمیت دیگر دستاویزات دینا ہوں گی، سیاحتی ویزا پر بیرون ملک جانے والے افراد کوکنفرم ٹکٹ، ہوٹل بکنگ دستاویز دینا ہوں گی، علاج کیلئے جانے والے مسافر کو بیماری،متعلقہ اسپتال میں چیک اپ کے ثبوت اپ لوڈ کریں گے، مسافر ٹکٹ، پاسپورٹ سمیت تمام دستاویزات ایپلی کیشن پر اپ لوڈ کریں گے۔






















