خیرپور کی تحصیل نارا میں مبینہ طور پر خسرہ کے باعث ایک ہی گھر کے تین بچے جاں بحق ہوگئے ، متاثرہ خاندان کے مزید پانچ بچے بھی خسرے کے باعث اسپتال میں زیرعلاج ہیں جس میں تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
نارا کے نواحی گاؤں میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر خسرہ میں مبتلا ایک ہی گھر کے تین بچے جاں بحق ہوگئے ، متاثرہ خاندان کے مزید پانچ بچے مختلف طبی مراکز میں زیرعلاج ہیں جن میں سے تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچوں کے مرنے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں ، مرنے والے بچوں کا علاج کسی بھی اسپتال میں نہیں کرایا جارہا تھا ، واقعے کی انکوائری کررہے ہیں ۔ علاقے میں ویکسینیشن مہم شروع کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں ۔
علاقہ مکینوں نے الزام لگایا کہ متاثرہ علاقے میں بنیادی طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے ۔ بروقت ویکسینیشن کا مؤثرانتظام بھی موجود ہیں ۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میڈیکل کیمپس قائم کر کے خسرہ کی وبا پر قابو پایا جائے ۔






















