رہنما تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ مذاکرات کرنے ہیں تو پہلے اعتماد کی فضا پیدا کرنا ہوگی، پہلےبانی پی ٹی آئی سے فیملی اور لیڈر شپ کی ملاقات تو کرائیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پہلے بھی ہم نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے، اب مذاکرات کا اختیارمحمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے پاس ہے ، مذاکرات کرنے ہیں تو پہلے اعتماد کی فضا پیدا کرنا ہوگی۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی سے فیملی اور لیڈر شپ کی ملاقات تو کرائیں، بشریٰ بی بی سے ان کی فیملی کی ملاقات کرائیں۔ اگلے ہفتے ملاقات کا دن ہے امید ہےاس مرتبہ کرائی جائے گی۔
دوسری جانب راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے مذاکرات سے متعلق کہا کہ ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے یہ ایسا تاثر دینا چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کو مل رہے ہیں۔ کراچی میں نظر آیا کہ عوام بیزار ہیں اور اس نظام کے خلاف کھڑے ہیں ، حکومتی اداروں کےاعدادوشمار بتاتے ہیں پاکستان تاریخ کی بدترین معاشی صورتحال سے دوچارہے۔ یہ اس نظام کی منصوبہ بندی ہےکہ ناحق لوگوں کو سزا دو پھرکئی سال اپیلیں نہ سنو۔






















