عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام اپنا گھر اسکول میں مڈٹرم امتحانات کے نتائج کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ اور عملے کی محنت، لگن اور شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن محترمہ کرن عبدالعلیم خان تھیں۔
اس موقع پر فاؤنڈیشن کے سی ای او بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر، وژن ایجوکیشن سسٹم کے سی ای او کرنل (ر) مسعودالحق، چیف آپریٹنگ آفیسر اسامہ نعمان اور بیگم نسیم خان میموریل گرلز اسکول، گوالمنڈی کی پرنسپل محترمہ تنزیلہ انور بھی موجود تھیں۔
تقریب کے دوران طالبات نے مختلف دلچسپ پروگرام پیش کیے جن میں مختصر اسکیٹس اور پریزنٹیشنز شامل تھیں، جنہوں نے طالبات کے اعتماد، تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کو اجاگر کیا۔ مہمانوں نے طالبات کی کارکردگی کو خوب سراہا اور بھرپور داد دی۔
مڈٹرم امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ اپنا گھر میں جاری ووکیشنل ٹریننگ پروگرامز میں شامل طالبات کو بھی مہارتوں کے فروغ اور لگن کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ اس کے علاوہ تدریسی اور انتظامی عملے کو بھی بہترین خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ کرن عبدالعلیم خان نے اپنا گھر کی پرنسپل محترمہ ناہد یوسف اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ طالبات کو معیاری تعلیم اور محفوظ، سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں قابلِ تحسین کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ محنت جاری رکھیں، تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں اور زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لیے کوشش کریں۔






















