لکی مروت میں بیگوخیل روڈ پر سیمنٹ فیکٹری کی بس پر آئی ای ڈی دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بس پر دھماکا ناورخیل موڑ کے قریب کیا گیا، جس سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لکی مروت منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایم ایس ڈاکٹر کفایت اللہ کے مطابق زخمیوں میں سے ایک جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ دو کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دوسرا دھماکا عباسہ خٹک کے علاقے میں سولر ٹیوب ویل میں دیسی ساختہ بارودی مواد کا ہوا۔ جس میں ٹیوب ویل اور ایک گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق ٹیوب ویل مقامی امن کمیٹی کے صدر ہمایوں خان کی ملکیت ہے جبکہ کچھ روز پہلے ہمایوں خان کے گھر پر راکٹ سے حملہ بھی ہوا تھا۔ جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔



















