امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کی مدد کیلئے مداخلت کا عندیہ دے دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت گولیاں چلوا کر پرامن مظاہرین کو قتل کررہی ہے، یہ سلسلہ نہ رکا تو امریکا مظاہرین کی مدد کیلئے آگے آئے گا، ہم پوری طرح تیار ہیں اور کارروائی کے لیے ہر وقت آمادہ ہیں۔
واضح رہے کہ ایران میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے چھٹے روز میں داخل ہوگئے۔ تہران سمیت کئی شہروں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
لُرستان صوبے میں مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے پولیس پرپتھراؤ کیا اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ پولیس کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔ درجنوں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق کوہ دشت کے علاقے میں ایک سیکیورٹی اہلکار مظاہرین کے تشدد سے جاں بحق ہوگیا۔ جس کے بعد کشیدگی بڑھ گئی۔
مہنگائی کے خلاف مظاہروں کا آغاز اتوار کوہوا تھا جس کے بعد منگل کو ایران کی 10 یونیورسٹیوں کے طلبا نے احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاشی بحران کے باعث ایران میں مہنگائی کی شرح باون فیصد تک پہنچ چکی ہے۔






















