وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں خواتین سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا جاتا ہے، کمسن لڑکی کو بی ایل اے کے خودکش منصوبے سے بچالیا گیا ہے۔
کراچی میں ایڈیشنل آئی جی کراچی اورایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ بی ایل اے اور بی ایل ایف بچوں کوخودکش حملہ آوربنانے میں ملوث ہیں، جرائم پیشہ عناصر نوعمر لڑکے لڑکیوں کی ذہن سازی کرتےہیں۔
ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ کراچی میں خودکش حملے کیلئے لائی گئی بچی کوگرفتارکرلیا گیا، سوشل میڈیا کے ذریعے بچی کو گرفتار کیاگیا، ریاست مخالف عناصر نے بلوچستان کی بچی کی ذہن سازی کی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ دشمن عناصر معصوم بچوں اور بچیوں کو کہانیاں سنا کر ان کی ذہن سازی کر رہے ہیں اور انہیں ریاست کے خلاف استعمال کرنے کی منظم کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ اور ریاست مخالف عناصر نو عمر لڑکوں اور لڑکیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے نقصان کو روک لیا۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزادخان نے کہا کہ بی ایل اے کے ہینڈلر نے انسٹاگرام پر بچی سے رابطہ کیا، والدین بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دہشتگرد مواد کے خلاف سخت چیکس لگائیں، سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کریں اور الگورتھمز درست کریں۔ ایک موبائل پورے خاندان کو خطرے میں ڈال سکتاہے۔
آزادخان نے کہا کہ سہولت کاروں اورنیٹ ورکس کوانجام تک پہنچایا جائے گا، سی ٹی آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے، دہشتگردی کے خلاف ریاستی عزم غیر متزلزل ہے۔






















