مالی سال 2023-24ء کے پہلے 4 ماہ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی نسبت 40.46 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کے مطابق جولائی تا اکتوبر (2023-24) کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات 93.087 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ سیمنٹ کی برآمدات جولائی تا اکتوبر (23-2022) کے دوران 66.271 ملین امریکی ڈالر تھیں۔
رپورٹ کے مطابق سیمنٹ کی برآمدات میں وزن کے اعتبار سے بھی 81.69 فیصد اضافہ ہوا جو 13 لاکھ 24 ہزار 110 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 24 لاکھ 5 ہزار 798 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں۔
دریں اثنا، سال بہ سال کی بنیاد پر اکتوبر 2023 کے مہینے کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 32.58 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ اکتوبر 2023 کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات 26.405 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں، اکتوبر 2022 میں 19.916 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2023ء میں 27.041 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر سیمنٹ کی برآمدات میں اکتوبر 2023ء کے دوران 2.35 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔