مسلح افواج نے سوار محمد حسین شہید نشانِ حیدر کی 54ویں برسی پر احترام اور قومی فخر کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سوار محمد حسین شہید کی عظیم قربانی ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ائیرچیف کی جانب سے سوار محمد حسین شہید کو سلام عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سوار محمد حسین شہید نے 1971 کی جنگ میں تاریخ ساز بہادری کا مظاہرہ کیا۔ شہدا کی جاں نثاری ایک مضبوط اور محفوظ پاکستان کی بنیاد ہے۔ ان کی بہادری اورجذبہ قربانی آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔
قوم آج اس عظیم سپوت کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کیلئے ہمیشہ ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔






















