وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ریگولیٹڈ ماحول سرمایہ کاری اور جدت کو فروغ دے گا، چیئرمین پاکستان ورچوئل ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب بولے کہ پاکستان عالمی معیارات تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے قومی ڈیجیٹل ایسٹ فریم ورک پر اجلاس کی مشترکہ صدارت کی ، گورنر اسٹیٹ بینک اور بڑے کمرشل بینکوں کے صدور بھی شریک ہوئے۔ پاکستان کیلئے محفوظ اور ریگولیٹڈ ڈیجیٹل ایسٹ نظام کی تشکیل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے جدید ادائیگی نظام کے ذریعے مالی شمولیت بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان میں ڈیجیٹل ایسٹس کو باقاعدہ نگرانی کے ڈھانچے میں لانے پر اتفاق کیا گیا ۔
شرکا کا غیر ریگولیٹڈ پلیٹ فارمز سے صارفین کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ بینک صدور نے رسک مینجمنٹ اور کسٹڈی کے مؤثر ماڈلز سے متعلق تجاویز دیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ریگولیٹڈ ماحول سرمایہ کاری اور جدت کو فروغ دے گا۔ چیئرمین پاکستان ورچوئل ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل ایسٹس مالی شمولیت اور نئے صارفین کے حصول کیلئےاہم ہیں۔ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے پاکستان فرسٹ وژن پرعمل درآمد کا عزم ظاہر کیا گیا۔



















