ایف آئی اے نے خلیجی ملک میں افغان شہریوں سے برآمد ہونے والے پاکستانی پاسپورٹس کے اسکینڈل میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے نادرا کے تین افسران کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار افسران میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید انور شاہ، جونیئر ایگزیکٹیو سید اختر شاہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر چمن زون خواجہ وقاص شامل ہیں۔ ان افسران کو کوئٹہ کی مقامی عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ 7 کے وارنٹ پر حراست میں لیا گیا۔ذرائع کا کا بتانا ہے کہ افغان شہریوں نے بھاری رقوم کے عوض پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کیے۔
سعودی عرب میں افغان سفارتخانے نے مجموعی طور پر 12 ہزار 96 پاکستانی پاسپورٹس ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو واپس کیے، جنہیں افغان شہریوں نے جمع کرایا تھا۔ جانچ کے دوران 7 ہزار 613 پاسپورٹس ایسے نکلے جو نادرا اور امیگریشن اہلکاروں کی ملی بھگت سے غیر ملکی افراد کو جاری کیے گئے تھے، جس سے پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اس کیس میں پہلے بھی نادرا کے ایک افسر علی احمد کو گرفتار کیا گیا تھا، جو 60 غیر ملکیوں کے شناختی کارڈ منظور کرنے میں ملوث تھا۔ تحقیقات کے دوران مزید شواہد سامنے آنے پر تین مزید افسران کو گرفتار کیا گیا۔نادرا ذرائع کے مطابق گرفتار افسران میں سے ایک کے خلاف شہریوں کا ڈیٹا فروخت کرنے کے الزام میں الگ تحقیقات بھی جاری ہیں۔






















