چوہنگ پولیس نے شادی کی تقریب میں سڑک بند کرکے رقص کی محفل منعقد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور دولہے سمیت خواجہ سراؤں اور دیگر افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی تعداد 32 ہے جن میں دولہا اور خواجہ سرا بھی شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان نے سڑک بند کر کے رقص کی محفل سجائی اور خواجہ سراؤں کے ساتھ فحش حرکات کی جا رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران 62 ہزار 500 روپے مالیت کی نقدی بھی برآمد کر لی گئی جبکہ کارروائی کے بعد شادی کی تقریب کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔
واقعے کا مقدمہ شادی ایکٹ، ساؤنڈ ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت شاہ زیب، رمضان، احمد سمیت دیگر ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔






















