بلوچستان میں سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اور اوچ گروپ کے درمیان سرمایہ کاری کی ایم او یو پر دستخط ہوگئے ، ایم او یو کے تحت جرمن کمپنی حب میں 50 ملین ڈالر کی لاگت سے انرجی و آئل ریفائنری انفراسٹرکچر قائم کرے گی ۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اوچ گروپ آف کمپنیز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری کاروباری ماحول پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کا محور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے راستے کھولنا اور صنعتی شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور اوچ گروپ آف کمپنیز کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ ایم او یو کے تحت اوچ گروپ کے اشتراک سے ایک جرمن کمپنی حب میں 50 ملین ڈالر کی لاگت سے انرجی اور آئل ریفائنری انفراسٹرکچر قائم کرے گی، جو صوبے کی صنعتی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہبلوچستان سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین خطہ اور مواقعوں کی سرزمین ہے۔ حکومت صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مقامی ہنرمند افرادی قوت کو ترجیح دیں تاکہ روزگار کے بہتر مواقع صوبے کے نوجوانوں تک پہنچ سکیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے سازگار، محفوظ اور شفاف ماحول فراہم کرے گی، جبکہ صنعتی شعبے کی مضبوطی بلوچستان کی معاشی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔






















