ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کےسیکرٹری علی لاریجانی نے پچیس سے چھبیس نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق علی اردشیر لاریجانی نے صدرِ مملکت، وزیراعظم، اسپیکر، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور ایران کے دیرینہ و تاریخی تعلقات کو ایک بار پھر اجاگر کیا گیا۔ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا اور مشترکہ خوشحالی کے ساتھ علاقائی امن و استحکام میں مؤثر کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق فریقین نے علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی جامع تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں قریبی رابطہ کاری، تعمیری مکالمے اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔






















