ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ٹیم چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سلطانز کو الوداع کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اگر رہنے کا مطلب اصولوں سے سمجھوتہ کرنا ہی ہے تو میں ایک ہی انتخاب کرسکتا ہوں اور وہ ہے الوداع ، میں اس ٹیم کو اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر کھونا پسند کروں گا بجائے اس کے کہ میں گھٹنوں کے بل اسے چلاؤں۔
علی ترین کا کہناتھا کہ ملتان سلطانز کا حصہ ہونا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، جنوبی پنجاب کی نمائندگی پر مجھے محبت ہے، یہ وہ چیز ہے جس پر میرے مرحوم چچا عالمگیر ترین فخر کرتے تھے، ملتان سلطانز صرف اعدادوشمار سے کہیں زیادہ معنی رکھتی ہے، مالی نقصانات کے باوجود کبھی اس ٹیم کو چھوڑنے کا نہیں سوچا۔ جو بھی اب اس ٹیم کا کنٹرول سنبھالے گا میری سپورٹ اسے حاصل رہے گی کیونکہ یہ ٹیم مالک سے زیادہ شائقین اور جنوبی پنجاب کی ہے ۔






















