ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیردفاع کا سندھ سے متعلق بیان’’غیرحقیقی اورگمراہ کن‘‘ ہے۔ پاکستان اپنی خود مختاری، قومی سلامتی اورعلاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پر عزم ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیردفاع راج ناتھ کے اشتعال انگیزبیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیردفاع کا سندھ سے متعلق بیان اشتعال انگیزی کی کوشش، ’’ہندو توا ذہن‘‘ کے عکاس ہیں۔ یہ بیان عالمی قوانین اورریاستی خود مختاری کو چیلنج کرنے کے عزائم رکھتا ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارتی قیادت ایسے بیانات سے اجتناب کرے جو خطے کے امن واستحکام کیلئےخطرناک ہوں، بھارت اپنی اقلیتوں کےجان و مال کے تحفظ اور امتیازی روئیوں کے سدباب پرتوجہ دے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کےعوام برسوں سے ریاستی ناانصافیوں،جبر اور تشدد میں پھنسے ہوئے ہیں، بھارت جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعے کے منصفانہ حل کیلئے اقدامات کرے، پاکستان تمام تنازعات کے پر امن حل کا خواہاں ہے۔






















