زرعی اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر نیپرا نے سماعت مکمل کرلی۔ اتھارٹی متعلقہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔
وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے تحت صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست پر نیپرا میں سماعت مکمل ہوگئی۔ پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ صنعتی اور زرعی شعبے کو اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ پیکج کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2028 تک رعایتی نرخ پر اضافی بجلی دی جائے گی، اور کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صنعتی و زرعی صارفین اس پیکج سے مستفید ہوسکیں گے۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کی نسبت بجلی کی طلب میں واضح کمی آئی ہے جبکہ دن کے اوقات میں شمسی توانائی کے استعمال سے کھپت مزید کم ہوجاتی ہے۔ سماعت کے دوران نیپرا ممبر نے نشاندہی کی کہ زیادہ نرخوں کے باعث رات میں بھی بجلی کا استعمال کم ہوتا ہے، اور پیکج سے رات کی کھپت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
پاور ڈویژن حکام کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے صنعت اور زراعت میں مجموعی کھپت کم ہورہی ہے۔ نیپرا ممبران نے سوال اٹھایا کہ اگر نیشنل گرڈ کی پیداوار میں پچیس فیصد اضافہ ہو تو لاگت بھی بڑھ سکتی ہے، اس صورت میں فی یونٹ قیمت بڑھنے کا امکان کیا ہوگا۔





















