پاکستان میں موجودہ معاشی صورتحال کے باعث جہاں ہر چیز کی قیمت ہی بڑھتی مہنگائی کی زد میں آئی ہے وہیں تعمیراتی مٹیریل کی قیمتوں میں بھی ردودل کا رجحان ہے۔
سیلاب کے بعد ملتان کے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تو شروع ہوگیا ہے مگر بلڈنگ میٹریل کی قیمتوں میں اضافے نے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والی اینٹوں کی قیمت 35 ہزار روپے فی ٹرالی سے بڑھ کر 50 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔
ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ نئی اینٹوں کا ریٹ بہت بڑھ گیا ہے، پہلے 35 ہزار تھا اب 50 ہزار پر پہنچ گیا ہے، اس لیے پرانی اینٹیں لے کر کام چلا رہے ہیں۔ دوسری جانب بھٹہ مالکان کا مؤقف ہے کہ اینٹوں کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ میٹریل اور کوئلے کی بڑھتی قیمتیں ہیں۔ ان کے مطابق پہلے کوئلہ 9 ہزار روپے فی ٹن آتا تھا جو اب 15 سے 16 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے۔

سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں استحکام
پاکستان بیوروبرائے شماریات(پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک کے شمالی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1369روپے ریکارڈکی گئی جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.29فیصد کم ہے،پیوستہ ہفتہ میں ملک کے شمالی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت1373روپے ریکارڈکی گئی تھی۔
اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک کے جنوبی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1441 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتہ میں بھی 1441 روپے تھی۔

ملک میں تعمیراتی سریے کی تازہ قیمتیں
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آج لوکل سریے کی کم از کم قیمت 2 لاکھ 12 ہزار اور زیادہ سے زیادہ قیمت 2 لاکھ 18 ہزار روپے فی ٹن ہے۔
کراچی میں سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 18 ہزار، لاہور میں فی ٹن قیمت 2 لاکھ 16 ہزار، ملتان میں فی ٹن قیمت 2 لاکھ 12 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 14 ہزار روپے، فیصل آباد میں 2 لاکھ 12 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب برانڈڈ سریے کی مارکیٹ میں کم از کم قیمت 2 لاکھ 33 ہزار فی ٹن اور زیادہ سے زیادہ قیمت 2 لاکھ 42 ہزار فی ٹن ریکارڈ کی گئی ہے۔






















