بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھارت میں جاری آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے دوران آسٹریلوی ویمن کرکٹرز کے ساتھ پیش آنے والے نازیبا واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیان جاری کر دیا ۔
دو روز قبل بھارتی شہر اندور میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل پر سوار شخص نے آسٹریلیا کی دو ویمن کرکٹرز میں سے ایک کو جنسی طور پر ہراساں کیا اور موقع سے فرار ہوگیا، یہ واقعہ کھلاڑیوں کے ہوٹل سے کیفے ٹیریا جاتے وقت پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ کھلاڑیوں نے واقعے کی اطلاع ٹیم سیکیورٹی آفیسر کو دی، جس کے بعد معاملہ فوری طور پر علاقائی پولیس کے سپرد کیا گیا۔پولیس نے موقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جبکہ ایک عینی شاہد نے موٹر سائیکل کا نمبر نوٹ کرلیا جس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائقیا نے واقعے کو "انتہائی قابلِ مذمت مگر انفرادی نوعیت کا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ایسے واقعات کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدھیہ پردیش پولیس نے جس تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا وہ قابلِ تعریف ہے، ہم چاہتے ہیں کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے تاکہ مجرم کو سزا ملے۔
دیواجیت سائقیا نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو سیکیورٹی پروٹوکولز کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔





















