پاکستان اور قطر نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیر تجارت شیخ فیصل بن ثانی کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان کے ایک اہم شراکت دار اور بااثر علاقائی ثالث کے طور پر قطر کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، آئی ٹی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی دعوت دی۔
قطر کے وزیر تجارت شیخ فیصل بن ثانی نے قطری قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ افہام و تفہیم کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔




















