کرنسی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کیخلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، ایف آئی اے نے کراچی میں 9 منی ایکسچینج کمپنیز کے لائسنس منسوخ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
ملک بھر میں کرنسی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ایف آئی اے نے کراچی میں 9 منی ایکسچینج کمپنیز کے لائسنس منسوخی کیلئے اسٹیٹ بینک کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی جانب سے متعلقہ سرکل حکام کو مراسلہ ارسال کردیا گیا، جس کے مطابق کیٹیگری اے اور بی کی کمپنیز کیخلاف ایف آئی اے کراچی کے 4 سرکلز میں 11 مقدمات درج ہیں۔
ایکسچینج کمپنیز کے لائسنس منسوخ کرانے کا فیصلہ ڈائریکٹر کراچی کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں کمرشل بینک، کارپوریٹ کرائم، اسٹیٹ بینک اور اینٹی کرپشن سرکل حکام بھی شریک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جن کمپنیوں کیخلاف مقدمات درج ہیں ان میں الصحارا ایکسچینج، میگا کرنسی، نیشنل بینک ایکسچینج کمپنی، کیپیٹل ایکسچینج اور پراچہ ایکسچینج کمپنی شامل ہیں جبکہ پاکستان انٹرنیشنل، بیسٹ وے اور دی وال اسٹریٹ کیخلاف بھی مقدمات ہیں، رائل ایکسچینج کمپنی کیخلاف بھی ایف آئی آر درج ہے۔