وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نظام کے بنیادی عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ معیشت کے ساتھ بہتر انضمام، دستاویزی عمل میں بہتری اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔
واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے زیرِ اہتمام منعقدہ “ریجنل راؤنڈ ٹیبل آن ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اِن ٹیکس ایڈمنسٹریشن” سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے شرکاء کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبے اور ٹیکس نظام کی جدید، شفاف اور مؤثر اصلاحات سے آگاہ کیا۔
وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر کا ٹرانسفارمیشن پلان ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھتا ہے جو خودکار، شفاف اور عوام دوست ہو۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس وصولیوں کا حجم جی ڈی پی کے 8.8 فیصد (2024) سے بڑھ کر 10.24 فیصد (2025) تک پہنچ گیا ہے جو حالیہ ٹیکس اصلاحات کے مثبت نتائج کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کے بنیادی عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے پرعزم ہےتاکہ معیشت کے ساتھ بہتر انضمام، دستاویزی عمل میں بہتری اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کسٹمز میں انڈر انوائسنگ پر قابو پانے اور تجارت میں سہولت پیدا کرنے کے لیے بھی متعدد اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایف بی آر کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے افرادی قوت کی صلاحیت میں اضافہ اور تنظیمی ڈھانچے کی اصلاح پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔





















