وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کا ٹیلی فونک رابطہ، پاک سعودی دفاعی معاہدے اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے، مشرق وسطیٰ اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان نے پاک سعودی دفاعی معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت ملنا باعثِ مسرت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق حماس کا بیان خطے میں امن قائم کرنے اور فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا نادر موقع ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ بندی سے معصوم فلسطینیوں کے قتل عام رکے گا، جنگ بندی سے فلسطینی ریاست کے قیام کا دیرینہ خواب پائہ تکمیل کو پہنچے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطی میں امن خطے کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی اہم ہے۔






















