نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کی کویت کے ولی عہد صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات ہوئی جس دوران شہبازشریف نے کویت کے امیر اور ولی عہد کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور کویت کے تاریخی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، وزیراعظم نے سیلاب کے دوران کویت کی حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ۔ شہبازشریف نے تجارت،سرمایہ کاری، زراعت،صحت و افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانےکی خواہش کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے ولی عہد کو رواں سال کے آخر میں دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔ کویتی ولی عہد نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور فلسطینی کاز کی حمایت پر خراج تحسین پیش کیا ، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ،علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ پاکستان اور کویت نے دو طرفہ و عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔






















