میٹرو بس سروس کے بعد راولپنڈی شہر کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک اور منصوبہ تیار کرلیا گیا،شہر بھر میں 6 روٹس پرفیڈرز بس سروس بھی چلائی جائے گی۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق منی بسیں راولپنڈی شہر اور گردونواح کے روٹس پر چلائی جائیں گی،جو مختلف روٹس سے مسافروں کو لاکر میٹرو سروس کے قریب تک لائیں گی،جہاں سے مسافر میٹرو بس سروس کے ذریعے اپنی مطلوبہ منزل پر روانہ ہوں گے۔
ابتدائی طور پر 78منی فیڈربسیں شہر میں چلائی جائیں گی،فیڈر بس سروس کا تمام تر انتظام بھی میٹرو ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کنٹرول میں ہوگا۔
حکام کے مطابق بس سروس سواں سے ریلوے سٹیشن،اسلام آباد ایکسرپیس وے سے ریلوے سٹیشن،ڈھوک کشمریاں سے گنجمنڈی،ڈھوک کشمیریاں سے ٹی بی اسپتال،پیرودہائی موڑ سے کشمیر روڈ،فیض آباد انٹرچینج سے شمس آباد،صادق آباد کے ذریعے کھنہ پل کےروٹس پر چلائی جائیں گی۔
فیڈر منی بس سروس کے روٹس کو حتمی شکل دے دی گئی،بسوں کے لیے چوہڑ ڈپو اور صدر ڈپو کو بطور اسٹینڈ استعمال کیا جائے گا۔