وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مری اسلام آباد ایکسپریس وے پر تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ این ایچ اے افسران پر یہ بھی واضح کیا کہ معیار پر سمجھوتا بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے مری اسلام آباد ایکسپریس وے کے دورے کے موقع پر سڑک کی تزئین و آرائش کے کام میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ کہا ایکسپریس وے کے اطراف پودے لگا کر گرین بیلٹس جلد مکمل کریں۔ خوبصورت لینڈ اسکیپ، حفاظتی جنگلوں کی تنصیب اور باقی ماندہ کام کیلئے بھی ڈیڈ لائن دے دی۔ این ایچ اے افسران پر واضح کیا کہ تزئین و آرائش کا کام معیاری اور دیر پا ہونا چاہیے۔ غیر منظور شدہ یو ٹرن اور اضافی راستے فوری ختم کریں۔ مزید مہلت ہر گز نہیں ملے گی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ریسٹ ایریاز کا بھی معائنہ کیا۔ کہا مزید واش رومز بنانے کے ساتھ معیاری کینٹین کو بھی جلد فعال کیا جائے۔ ایکسپریس وے پر ریسٹ ایریاز کو موٹرویز کی طرز پر آؤٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کہا مری آنے والے سیاحوں کے لیے محفوظ اور آرام دہ سفر یقینی بنا رہے ہیں۔ تزئین و آرائش مکمل ہونے پر وزیراعظم کو بھی دورے کی دعوت دیں گے۔
این ایچ اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ایکسپریس واے پر نئی لائٹس کی تنصیب مکمل ہوچکی، ریفلیکٹرز بھی لگا دیئے گئے ہیں۔ ای ٹیگ کی سہولت کے ساتھ نیا ٹول پلازہ بھی فنکشنل ہو چکا۔ موقع پر موجود سیاحوں نے ایکسپریس وے کو خوبصورت بنانے پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔






















