پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے نتیجے میں سنی اتحاد کونسل مجموعی طور پر آٹھ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے ہاتھ دھو بیٹھے گی۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم پر موجود ہیں اور قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا باضابطہ وجود نہیں ہے۔
تاہم سنی اتحاد کونسل کی جانب سے کسی کمیٹی کی چیئرمین شپ سے باضابطہ استعفیٰ تاحال اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول نہیں ہوا۔
قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کے چیئرمین سنی اتحاد کونسل کے عاطف خان ہیں جبکہ قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین سنی اتحاد کونسل کے خواجہ شیراز محمود ہیں اور قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین ثنا اللہ خان مستی خیل ہیں۔
عظیم الدین قائمہ کمیٹی تعلیم اور جاوید اقبال قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کے چیئرمین ہیں۔
عامر ڈوگر قائمہ کمیٹی مذہبی امور ، امتیاز چوہدری قائمہ کمیٹی امور کشمیر و گلگت بلتستان کے چیئرمین ہیں۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ جنید اکبر خان کے پاس ہے۔






















