وزیراعظم شہباز شریف نے 300 انسانی جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے ہیروز کو اسلام آباد بلا لیا۔
گلگت بلتستان میں مقامی آبادیوں کو گلاف کی پیشگی اطلاع دینے اور سیکڑوں جانیں بچانے کے اقدام کا اعتراف میں وزیراعظم نے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو مدعو کیا۔ وزیراعظم تینوں ہیروز کو خصوصی انعام سے نوازیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان قوم کے ہیرو ہیں ۔ تینوں نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی۔ مجھ سمیت پوری قوم کو گلگت بلتستان کے ان ہیروز پر فخر ہے۔
دوسری جانب سماء سے گفتگو میں غذر کے علاقے رَاوشن میں گلیشیئر پھٹنے کی اطلاع دینے والا وصیت خان نے پہلی بار سارا احوال بتادیا ۔ کہا جھیل پھٹی تو قیامت کا منظر تھا۔ ہم سمجھے پہاڑ ہمارے سر آگرا ہے ۔ پہلی کوشش تھی کسی طرح گاؤں والوں کو بچائیں ۔اللہ کا شکر ہے ۔ موبائل سگنل تھا اور نمبر بھی فوراً مل گیا۔
وصیت خان نے کہا کہ ہماری اطلاع پر آدھے گھنٹے میں گاؤں محفوظ مقام پر منتقل ہوگیا، جس جگہ ہم تھے، وہاں ہر چیز پانی میں بہہ گئی تھی ، سیلابی پانی میرے پاؤں تک پہنچ گیا، لیکن دھن سوار تھی کہ گاؤں بچانا ہے، بظاہر لگا رہا تھا ہم بھی بچ نہیں پائیں گے، اللہ نے کرم کیا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ہم پھنسے تھے، پہلی پرواز میں ہیلی کاپٹرہمیں نہیں نکال سکا، ہیلی کاپٹر واپس گیا تو کافی پریشان ہو گئے تھے، کچھ دیر بعد دوسرے ہیلی کاپٹر نے ہمیں وہاں سے نکالا۔






















