چین کی معروف کمپنی شینڈونگ زن زو گروپ کارپوریشن نے پاکستان میں میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس کے قیام میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف سے کمپنی کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے چینی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت چینی کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
شینڈونگ زن زو گروپ کے چیئرمین نے حکومت پاکستان کی جانب سے تعاون اور سہولیات کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے شپ بریکنگ اور شپ ری سائیکلنگ کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
چینی کمپنی پاکستان میں گرین شپ بریکنگ یارڈ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا اور اس کے علاوہ شینڈونگ گروپ ماہی گیری، فش پروسیسنگ، اور کھجوروں کی پروسیسنگ کے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔






















