وزیراعظم شہباز شریف سے معروف چینی گارمنٹس گروپ کے وفد کی ملاقات میں اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے جلد چین میں بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ حکومت اس تعلق کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتی ہے اور اقتصادی روابط میں اضافہ اطمینان کا باعث ہے۔
وزیراعظم نے خواہش ظاہر کی کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں ۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زون کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ کہا کہ خصوصی اقتصادی زون سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر، اسکل ڈویلپمنٹ اور پائیدار صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جلد چین میں بزنس ٹو بزنس کانفرنس منعقد ہو گی، جو نجی شعبے کو اشتراک کا موقع دے گی۔ چینی وفد نے بتایا کہ 2014 سے اب تک 17 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے اور پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری قائم کی جا رہی ہے۔






















