وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اپوزیشن رہنما اسد قیصر کی پریس کانفرنس کو حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے بارے میں گمراہ کن بیانات عوام کے مفاد میں نہیں ہیں۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ترسیلات زر 38 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر ہو گیا ہے اور مہنگائی میں کمی کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ قمر باجوہ کو دی گئی توسیع ہماری تاریخی غلطی تھی ، قوم سے معافی مانگتے ہیں: اسد قیصر
وفاقی وزیر نے اسد قیصر سے سوال کیا کہ کیا آپ کو یہ حقیقتیں قبول نہیں ہیں؟۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی درجہ بندی میں واضح بہتری کی ہے لیکن اپوزیشن ان حقائق کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔
9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس دن ایک سازش کے تحت ریاستی اداروں پر حملے کیے گئے اور اس سنگین جرم کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق سزائیں دی گئیں۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام سزاؤں کے فیصلے شفاف اور منصفانہ ٹرائل کے بعد کیے گئے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن کو اس بات کی تکلیف ہے کہ سازش میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے اور انہیں ان کے جرائم کی سزا مل رہی ہے۔






















