معروف پاکستانی اداکار نعمان اعجاز نے پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے نوجوان نسل کی بڑھتی ہوئی مشکلات اور مایوسی پر گہری تشویش اور تلخ تبصرہ کیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے خصوصی پیغام میں اداکار نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ملک کے نوجوان آج بے روزگاری، معاشی عدم استحکام اور کم تنخواہوں کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

نعمان اعجاز نے لکھا کہ وہ بچے جو کبھی 14 اگست کو سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لہرا کر روشن مستقبل اور مضبوط پاکستان کا خواب دیکھتے تھے، آج بڑے ہو کر مایوسی، ناانصافی، کرپشن، غربت اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تعلیمی نظام میں قابلیت دب گئی، میرٹ کا جنازہ نکل گیا اور روزگار صرف سفارش والوں تک محدود ہو گیا۔
اداکار نے کہا کہ ریاست نے نوجوانوں کو نہ عزت دی اور نہ ہی سہارا جس کے باعث وہ نسل جو وطن سے محبت کی علامت تھی، آج پاسپورٹ اور ویزا کے لیے قطاروں میں کھڑی ہے تاکہ دوسرے ممالک میں وہ زندگی گزار سکے جو وہ پاکستان میں چاہتے تھے۔
انہوں نے اس صورتحال کو "خوابوں کا جنازہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خواب ہم نے خود اپنے ہاتھوں سے دفن کر دیے ہیں۔




















