صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو پولیس نے سماہنی سے گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف 9 مئی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری تھے جبکہ گرفتاری جنڈی چونترہ کے مقام پر عمل میں آئی۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے سردار قیوم نیازی کو حراست میں لے کر فوری طور پر میرپور منتقل کر دیاہے۔
تاحال حکام کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار قیوم نیازی کے خلاف پاکستان میں 11 سے زائد مقدمات درج ہیں جن میں بعض میں وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں سے ان کی ممکنہ گرفتاری کی اطلاعات گردش کر رہی تھیں، اب یہ گرفتاری عمل میں آ چکی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سردار قیوم نیازی کو پاکستان کے حوالے کیا جائے گا یا آزاد کشمیر کے کسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف آزاد کشمیر کے حلقوں میں اس گرفتاری پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے جلد ہنگامی مشاورت متوقع ہے۔






















