وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جمعہ کو ای تھری ممالک کیساتھ مذاکرات ہیں، ایران یورینیم افزودگی جاری رکھے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران جمعہ کو فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں یورینیم کی افزودگی سمیت اپنے تمام جوہری حقوق کا دفاع کرے گا۔ایران کا مؤقف اسرائیل اور امریکا کی جانب سے گزشتہ ماہ کی گئی فوجی کارروائیوں کے باوجود تبدیل نہیں ہوا۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات یورپی ممالک کو یہ پیغام دینے کے لیے استعمال کیے جائیں گے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا اور اس کی پوزیشن پہلے جیسی ہی ہے۔ ایران ہمیشہ سے اپنے جوہری پروگرام کو منطقی اور پرامن طریقے سے آگے بڑھانے کا خواہاں رہا ہے۔
عراقچی نے کہا کہ ایران سفارتی سطح پر ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار رہا ہے لیکن ساتھ ہی وہ اپنے قومی مفادات اور جوہری حقوق سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ ایران اور تین یورپی ممالک کے درمیان یہ اہم مذاکرات جمعہ کو استنبول میں ہوں گے، جو جون میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد پہلی بار ہو رہے ہیں۔






















