سندھ حکومت نے نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرامز کا آغاز کر دیا۔ شرجیل میمن کہتے ہیں پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے کے لیے ایک ماڈل پروگرام بن چکا ہے
ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز آئی ٹی پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت اب تک 35 ہزار 565 طلبہ کو جدید آئی ٹی شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 300 طلبہ کو میرٹ پر گوگل کروم بکس اور لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی آئی ٹی پی کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے ایک اعشاریہ چار ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہمی کے ساتھ انہیں عملی زندگی کے لیے بھی تیار کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔






















