پاک فضائیہ (پی اے ایف) نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے عالمی شہرت یافتہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ایوارڈز اپنے نام کرلیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک III نے "اسپرٹ آف دی میٹ" ٹرافی حاصل کی جو اس کے غیر معمولی پروازی اور تکنیکی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ ایوارڈ عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی ایرو اسپیس مہارت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے سی-130 ایچ ہرکولیس نے "کونکورس ڈی ایلیگینس" ٹرافی جیت کر اپنی شاندار ظاہری حالت اور آپریشنل ورثے کی بدولت سب کی توجہ حاصل کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے ماضی میں بھی 2006، 2016، اور 2018 میں متعدد اعزازات حاصل کیے تھے، جو اس کی مسلسل پیشہ ورانہ برتری کی عکاس ہیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے دستے کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ قومی پرچم کو سربلند رکھنا ہمیشہ پاک فضائیہ کی پہچان رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ باوقار ایوارڈز جیتنا پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
ایئر چیفس کی کانفرنس کے دوران بھی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا گیا جس نے عالمی سطح پر اس کی ساکھ کو مزید تقویت بخشی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کی یہ شاندار کارکردگی پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے اور اس نے دنیا کی صف اول کی فضائی افواج کے درمیان اپنی مضبوط پوزیشن کو ایک بار پھر ثابت کیا ہے۔






















