خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کی ریاستوں کے وزرائے داخلہ نے تمام رکن ممالک کے لیے مشترکہ سیاحتی ویزا متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقدہ وزرائے داخلہ کے 40ویں اجلاس میں جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا کہ اس سیاحتی ویزا اسکیم کو ایک مخصوص مدت کے اندر لاگو کیا جائے گا۔
جاسم البدیوی نے اس اہم قدم کو خلیجی ریاستوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی واضح علامت قرار دیا ہے۔ اجلاس میں رکن ریاستوں میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ پر مشتمل مشترکہ الیکٹرانک نظام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزرا نے منشیات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور سکیورٹی سے متعلق آگاہی مہم کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری جنرل کہا کہ جی سی سی ممالک کی سلامتی کے امور پر نمایاں پیش رفت کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں کامیابی حاصل کرنا اور خطے کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے کسی بھی خطرے کی روک تھام کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں کمیونٹیز کو غیر قانونی منشیات کے پھیلاؤ کے خطرے کی نشاندہی کی اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے خطے میں چلائی گئی کئی قومی مہموں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک متحد حکمت عملی کے تحت خلیجی ممالک کے نوجوانوں میں منشیات کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ جنگ میں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے جو تمام محاذوں یعنی روک تھام، کنٹرول اور علاج پر توجہ مرکوز کرکے حاصل کی جا سکتی ہے۔